راولپنڈی ( اے بی این نیوز )پنجاب حکومت کے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد راولپنڈی کے سب سے مصروف اور گنجان آباد علاقے راجہ بازار کو ماڈل بازار کی شکل دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تجاوزات ہٹانے کے بعد نہ صرف بازار کا حسن بحال ہوا ہے بلکہ تاجروں کے مطابق کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئی ہے۔
خریداروں کے لیے آمد و رفت نسبتاً آسان ہو گئی ہے اور دکانوں تک رسائی پہلے کے مقابلے میں زیادہ سہل ہو گئی ہے۔تاہم تاجروں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ پارکنگ کا مسئلہ تاحال جوں کا توں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے خریدار اور تاجر بڑی مشکل کا سامنا کرتے ہیں
کیونکہ گاڑیاں کھڑی کرنے کے لیے کوئی منظم نظام موجود نہیں۔ تاجروں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر پارکنگ کے لیے مناسب جگہیں مختص کرے تاکہ مارکیٹ میں آنے والے لوگوں کو سہولت ملے اور کاروباری سرگرمیاں مزید پروان چڑھ سکیں۔انوار عباسی نے کچھ تاجروں کے ہمراہ راجہ بازار سے بتایا کہ یہاں کے لوگ حکومتی اقدامات کو سراہتے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ چاہتے ہیں کہ مستقل حل کے طور پر جدید پارکنگ پلازہ یا منظم پارکنگ ایریاز بھی قائم کیے جائیں تاکہ ماڈل بازار کا تصور حقیقت میں ڈھل سکے۔
مزید پڑھیں :عالمی برادری بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، شہباز شریف