پشاور ( اے بی این نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں عدالت سے انصاف کی پوری امید ہے اور اگر عدلیہ اپنے اختیارات استعمال کرے تو موجودہ حالات بدل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس انداز میں سزائیں دی جا رہی ہیں وہ جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں اور اس سے عوام کا اعتماد متزلزل ہوتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں نہ ہوئیں تو پارٹی میں دوریاں مزید بڑھیں گی، اس لیے رابطوں کا بحال ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو عہدیدار 26ویں ترمیم کے باوجود بدستور اپنے عہدوں پر موجود ہیں، جو آئین اور قانون کے منافی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے احتجاجاً پارلیمانی کمیٹیوں سے استعفے دیے ہیں، تاہم قومی اسمبلی سے استعفے دینے کے حوالے سے ابھی تک بانی پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی ہدایت نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لیے پشاور میں بڑا جلسہ کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی طاقت کے ذریعے اپنا مؤقف واضح کیا جا سکے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کچھ عناصر اداروں اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ پارٹی کے اندر بھی تقسیم ڈالنا چاہتے ہیں، لیکن پارٹی قیادت اور کارکن ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
مزید پڑھیں :پب جی گیم کا شاخسانہ، جرم ثابت ،مجرم کو 100سال قید