منڈی بہاؤالدین،پنڈی بھٹیاں (اے بی این نیوز )منڈی بہاؤالدین میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں کھانا پکانے کے دوران گیس سلنڈر دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پچاس سالہ ذوالفقار، پینتالیس سالہ کوثر اور پچیس سالہ نائمہ شامل ہیں۔ تینوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور جاں بحق افراد میاں، بیوی اور بیٹی تھے،
جبکہ ایک بھائی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی اور اہل محلہ مدد کے لیے جمع ہوگئے۔دوسری جانب پنڈی بھٹیاں میں بھی دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں ایک اکیڈمی کی چھت گرنے سے چھ بچوں سمیت سات افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ اچانک چھت گرنے سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر طرف چیخ و پکار سنائی دی۔
ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے جبکہ مقامی لوگ بھی امدادی کارروائیوں میں بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد پھنسے ہوسکتے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں ، اسحاق ڈار