اہم خبریں

پاکستان نے سری کنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

ابو ظہبی( اے بی این نیوز    )ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔ 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا، لیکن مڈل آرڈر نے شاندار ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوائی۔

اوپنرز میں صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ نوجوان صائم ایوب صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کپتان آغا سلمان بھی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ایک موقع پر پاکستان نے 11 اوورز میں 80 رنز پر 5 کھلاڑی کھو دیے تھے اور میچ سخت مقابلے میں پھنس گیا تھا، تاہم حسین طلعت اور محمد حارث نے دباؤ کم کیا اور ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔

اس سے قبل سری لنکن ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی سری لنکا کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رنز بنا سکی۔ کامندو مینڈس نے سب سے زیادہ 50 رنز جوڑے، کپتان چارتھ اسالنکا نے 20 اور ہسرنگا نے 15 رنز بنائے، لیکن باقی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

پاکستانی باؤلرز نے حسب روایت بہترین کارکردگی دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کیے، حسین طلعت اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے انتہائی نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 8 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کے دوران شماریاتی اندازوں کے مطابق پاکستان کے جیتنے کے امکانات 74 سے بڑھ کر 81 فیصد تک پہنچ گئے تھے اور آخرکار یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی۔ پاکستان کی یہ کامیابی نہ صرف ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کرے گی بلکہ فائنل کے لیے راستہ بھی ہموار کر دے گی۔

ابوظہبی کے اس میدان پر پاکستان کے شاندار ریکارڈ کو ایک اور فتح سے تقویت ملی ہے، جہاں گرین شرٹس اب تک سری لنکا سمیت 9 میں سے 7 ٹی ٹوئنٹی میچ اپنے نام کر چکے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا نے حالیہ میچز میں افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر فارم دکھائی تھی، لیکن پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ان کی مزاحمت دیرپا ثابت نہ ہو سکی۔
مزید پڑھیں :آئی سی سی کا امریکہ کے خلاف بہت بڑا فیصلہ، جا نئے کیا

متعلقہ خبریں