کراچی(اے بی این نیوز) کراچی میں سپر ہائی وے میمن گوٹھ ناگوری سوسائٹی کے قریب 3خواجہ سراؤں کے اندوہناک قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔
گزشتہ روز ملنے والی لاشوں کا رات گئے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ تینوں مقتول خواجہ سرا بائیولوجیکل مرد تھے۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتولین کے ساتھی محمد ظفر کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق مقتولین کی شناخت مختلف ناموں سے کی گئی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ان میں سے دو کی اصل شناخت محمد جینل اور الیکس ریاست کے نام سے ہوئی جبکہ تیسرے مقتول کی اصل شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
تاہم، انہیں عینی، اسما اور سمینہ کے ناموں سے جانا جاتا تھا۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقتولین 20 ستمبر کی شام ساڑھے سات بجے گھروں سے نکلے تھے اور رات دو بجے تک واپس نہ آئے۔ ان کے ساتھی نے بار بار کالز کیں لیکن جواب نہیں ملا۔
بعد ازاں واٹس ایپ گروپ کے ذریعے اطلاع ملی کہ ان کی لاشیں میمن گوٹھ سے ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، دو کو سینے پر اور ایک کو سر پر گولی ماری گئی۔
واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ نے بھی نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو فوری طور پر قاتلوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور پولیس جلد از جلد رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کسی معصوم شہری کے قتل کو برداشت نہیں کرے گی۔
مزید پڑھیں: فخر زمان کا غلط آئوٹ،پاکستان ٹیم مینجمنٹ کی آئی سی سی کو امپائر کی شکایت