لاہور (اے بی این نیوز) گھریلو صارفین کے لیے آر ایل این جی کنکشن حاصل کرنے کے لیے نیا اور آسان طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں گھریلو صارفین کو آر ایل این جی کنکشن کی فراہمی کے جامع روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ آر ایل این جی گھریلو استعمال کے لیے محفوظ اور موزوں ایندھن ہے جو کہ ایل پی جی کے مقابلے میں بھی تقریباً 30 فیصد سستا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے سال میں آر ایل این جی کنکشن کا بڑا ہدف مقرر کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے جو صارف دوست اور شفاف ہو۔ یہ قدم وزیر اعظم کے سستی توانائی کے وژن میں کلیدی ترجیح ہے۔
وزارت توانائی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے درخواست کا طریقہ کار انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے۔ صارفین اب اپنی درخواستیں سوئی کمپنیوں کی آفیشل ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے آن لائن جمع کرا سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین اپنی درخواستیں قریبی سوئی کمپنیوں کے مقامی دفاتر میں بھی جمع کرا سکیں گے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس منصوبے کے لیے الگ الگ پراجیکٹ مینجمنٹ آفس قائم کریں۔ یہ دفاتر درخواست کی وصولی سے لے کر کنکشن کی فراہمی تک کے تمام مراحل کی نگرانی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے ان صارفین کو بھی بڑا ریلیف ملے گا جنہوں نے ماضی میں قدرتی گیس کنکشن کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ ایسے درخواست دہندگان جنہوں نے پہلے ہی جزوی یا مکمل طور پر ڈیمانڈ نوٹ کی ادائیگی کر دی ہے انہیں صرف باقی رقم ادا کرنی ہوگی، جس کے بعد وہ نئے آر ایل این جی کنکشن کے اہل ہو جائیں گے۔
حکومت کے اس قدم سے نہ صرف عوام کی توانائی کے متبادل ذرائع تک رسائی ممکن ہوسکے گی بلکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو کم قیمت پر ایندھن فراہم کرکے ریلیف ملے گا۔ توانائی کے ماہرین کے مطابق اس پالیسی سے مستقبل میں گیس کے بحران پر قابو پانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:غیر محفوظ ڈیوائسز کے استعمال سے پاکستانی کاروبار سائبر حملوں کے خطرات سے دوچار، کیسپرسکی سروے