اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد ملک بھر کی مساجد میں یومِ تشکر منایا گیا۔ لاہور کی بادشاہی مسجد میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں علمائے کرام نے خطابات کیے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ “پاک سعودی دفاعی معاہدہ عظیم سنگِ میل ہے، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے دلوں کی آواز ہے۔
” انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور یہ معاہدہ امت کی اجتماعی طاقت اور وحدت کا مظہر ہے۔علامہ سجاد جوادی نے کہا کہ حرمین شریفین کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ملنا پاکستانی قوم کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کی حفاظت ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔علامہ نعیم پاشا نے اپنے بیان میں کہا کہ “فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر خوش نصیب ہیں کہ اللہ نے ان سے بیت اللہ کی حفاظت کا کام لیا۔
” انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کا اصل ہدف قطر نہیں بلکہ مکہ و مدینہ ہیں، اس لیے امت مسلمہ کو مزید بیداری کی ضرورت ہے۔اسی موقع پر علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سیاسی نہیں بلکہ ایمان اور عقیدے کی بنیاد پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “یہ معاہدہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو دفن کرنے کا باعث بنے گا اور امت مسلمہ کو نئی قوت عطا کرے گا۔”یومِ تشکر کی تقریبات میں مساجد میں دعائیں مانگی گئیں کہ یہ دفاعی شراکت داری مزید مستحکم ہو اور امت مسلمہ متحد ہو کر اپنے مقدسات کا دفاع کرے۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کے حامد خان سینیٹ قائمہ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی