اہم خبریں

چیف جسٹس کے حوالے سے کوئی بدگمانی نہیں، علی محمد خان

اسلام آباد (اے بی این نیوز)تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے حوالے سے کوئی بدگمانی نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک فرد نہیں بلکہ ایک بڑی جماعت کے لیڈر ہیں جن کے ساتھ کروڑوں عوام کی تمنائیں اور امیدیں جڑی ہوئی ہیں۔ علی محمد خان کے مطابق القادر کیس کوئی عام مقدمہ نہیں بلکہ ایک ایسا کیس ہے جس میں پوری قوم کی نظریں لگی ہوئی ہیں، مگر اس میں شفافیت نظر نہیں آرہی۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ ستمبر سے پہلے سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی لیکن اس پر سماعت نہ ہو سکی، چھٹیاں بھی ختم ہوگئیں مگر مقدمہ اب تک زیرِ التوا ہے۔ ان کے بقول یہ کوئی معمولی کیس نہیں، آدھی سے زیادہ قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، ایسے میں تاخیر سے انصاف ملنے پر سوال اٹھ رہے ہیں۔وہ پروگرام “اے بی این نیوز تجزیہ” میں گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ
سپریم کورٹ کو بانی پی ٹی آئی کے خلاف کسی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور جب عدالتِ عظمیٰ نے ضمانت دی تو اس کا مطلب تھا کہ مزید تحقیقات کی ضرورت نہیں رہی۔ تاہم نو مئی کیس ابھی ختم نہیں ہوا، صرف ضمانت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز چودھری کے کیس میں بھی سازش کا کوئی کردار ثابت نہیں ہوا اور ضمانت مل گئی، لیکن بانی پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ سے ضمانت کے باوجود اندر رکھنا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے ہائیکورٹ کے رویے پر بھی تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تین ہفتے سے مقدمہ سماعت کے لیے مقرر ہی نہیں کیا گیا جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ علی محمد خان کے مطابق یہ سب کچھ عوامی اعتماد کو مجروح کر رہا ہے اور عدالتی عمل میں تاخیر عوام کے ذہنوں میں مزید سوالات پیدا کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں :عمران خان کن کن بیماریوں کا شکار ہو گئے ،تفصیلات منظر عام پر آگئیں،جانئے

متعلقہ خبریں