اسلام آباد (اے بی این نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے پنجاب حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو صوبائیت کا کارڈ کھیلنے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں جیسے سنگین مسائل کے بجائے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے جا رہے ہیں، جبکہ متاثرین کو فوری اور عملی ریلیف کی ضرورت ہے۔پلوشہ خان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلسل سیلاب زدگان کے مسائل اجاگر کر رہے ہیں اور انہی کے مطالبے پر وزیراعظم نے زرعی ایمرجنسی نافذ کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنجاب حکومت بتائے کہ زرعی ایمرجنسی کے تحت کسانوں کو اب تک کیا ریلیف فراہم کیا گیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرنے کا فیصلہ بھی بلاول بھٹو کے دباؤ پر ہوا، لیکن اس پر عملدرآمد سست روی کا شکار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف دینے سے کیوں گھبرا رہی ہے اور پنجاب حکومت عالمی امداد لینے سے کیوں گریزاں ہے؟ ان کے مطابق سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وفاق اور صوبوں کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے ورنہ لاکھوں خاندان مشکلات سے دوچار رہیں گے۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت پنجاب کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت ہے اور سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے عوام کے لیے یکساں فکر مند ہے۔ پلوشہ خان کے بقول اب وقت آ گیا ہے کہ حکومتیں سیاسی بیان بازی کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دیں تاکہ متاثرین کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔
مزید پڑھیں :امریکہ اور برطانیہ کے درمیان اہم تجارتی معاہدے پر دستخط