اہم خبریں

پاکستان اور یونان ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے پر عزم

اسلام آباد (اے بی این نیوز         ) پاکستان اور یونان کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر اہم ملاقات ہوئی۔ یونان (ہیلینک ریپبلک) کی سفیر ایلینی پوریچی نے وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں دونوں فریقین نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے تیزی سے بدلتے رجحانات اور ان سے جڑے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران جعلی خبروں اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے، آن لائن سکیورٹی کو یقینی بنانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غیر قانونی استعمال سے نمٹنے جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں رہنماؤں نے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مثبت شراکت داری، باہمی تعاون اور نوجوانوں کو محفوظ اور بامقصد آن لائن ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

سفارتی اور حکومتی حلقوں کے مطابق یہ ملاقات مستقبل میں پاکستان اور یونان کے درمیان ٹیکنالوجی اور میڈیا کے شعبے میں نئی راہیں ہموار کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں :یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین ابھی تک تنخواہوں اور سیپیریشن سکیم کے معاوضے سے محروم

متعلقہ خبریں