ٹوکیو (اے بی این نیوز )ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے ہیرو ارشد ندیم اس بار میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ جاپان کے شہر ٹوکیو میں جاری مقابلے میں انہوں نے اپنی بہترین تھرو 82.75 میٹر کی کی، لیکن ٹاپ 8 میں جگہ نہ بنا سکے اور فائنل راؤنڈ میں آگے بڑھنے کا موقع کھو بیٹھے۔پہلی کوشش میں ارشد ندیم نے 82.73 میٹر کی تھرو پھینکی جس کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ وہ پوزیشن بہتر کریں گے،
تاہم دوسرے راؤنڈ میں ان کی تھرو ضائع ہوگئی اور تیسرے راؤنڈ میں وہ صرف معمولی بہتری کے ساتھ 82.75 میٹر تک محدود رہے۔ دوسری جانب بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی تھرو میں 83.65 میٹر اور دوسری تھرو میں مزید بہتر کارکردگی کے ساتھ 84.3 میٹر پھینکی۔ بھارتی کھلاڑی سچن یادیو نے 86.27 میٹر کی شاندار تھرو کی جبکہ امریکی ایتھلیٹ نے 86.67 میٹر کی سب سے بڑی تھرو ریکارڈ کی، جس نے مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔
مزید پڑھیں :توشہ خانہ ٹو کیس میں نیا موڑ سامنے آ گیا ،ہوشربا انکشافات،جا نئے تفصیل