اہم خبریں

حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بھٹ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے

سرینگر (اے بی این نیوز) کشمیری حریت تحریک کے سرکردہ رہنما اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بھٹ 90 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم کی وفات سے وادی کشمیر ایک بڑے اور مدبر سیاسی رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔پروفیسر عبدالغنی بھٹ نے 1993 میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے بھرپور حامی رہے۔
وہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے رہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلے کا حل تلاش کرنا خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے 1987 میں مسلم متحدہ محاذ کے قیام میں بھی فعال کردار ادا کیا اور اپنی سیاسی بصیرت اور علمی قابلیت کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے۔ پروفیسر بھٹ کی جدوجہد اور خدمات کو کشمیری عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

مرحوم کی شخصیت کو ایک صاحبِ علم، دانشور اور پرامن جدوجہد کے علمبردار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ ان کے انتقال پر حریت رہنماؤں اور عوامی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔

مزید پڑھیں :پاکستان کی عزت ایک بار پھر قائم رہی،کرکٹ کو ہر حال میں سیاست سے بالاتر رہنا چاہیے،محسن نقوی

متعلقہ خبریں