لاہور(اےبی این نیوز)سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے صارفین کو شدید حیرت اور غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے، ویڈیو میں دو بیٹیوں کو اپنے والد کے آخری لمحات کے دوران وی لاگ بناتے اور غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ایک بزرگ شخص موت کے قریب تھا اُس وقت اُس کی بیٹیاں نہ صرف کیمرے کے سامنے موجود تھیں بلکہ اپنے یوٹیوب چینل کو لائک اور سبسکرائب کرنے کی اپیل بھی کر رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ صارفین نے اس عمل کو ’غیر اخلاقی‘، ’غیر انسانی‘ اور ’سوشل میڈیا کی دوڑ میں اقدار کی پامالی‘ قرار دیا ہے۔ متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ انسانی جذبات، خاندانی رشتے اور دکھ جیسے نازک لمحات کا اس طرح استحصال افسوسناک ہے۔
اطہر سلیم نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بے حسی کی انتہا دیکھ کر دل دہل گیا، یہ سوشل میڈیا کی ہوس اور ڈالرز کی لالچ ہے کہ بیٹیوں نے باپ کی موت کا وی لاگ بنا ڈالا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ دن بدن معاشرہ بگڑتا جا رہا ہے، وہ وہ چیزیں سوشل میڈیا پر لائی جا رہی ہیں جس کا انسان تصور بھی نہیں کر سکتا، نئے اور کم پڑھے لکھے یوٹیوبرز نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں، لوگوں کو ترغیب دے رہے ہیں کہ بغیر محنت کیے، الٹی سیدھی باتیں کر کے، اسے وی لاگ کا نام دے کر آپ لاکھوں کما سکتے ہیں۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ اپنے باپ کی آخری ساعتوں کو لائکس اور ویوز کے لیے نمائش بنانا انسانیت کی اعلیٰ عظمت پر ایک خراش ہے، انہوں نے مزید لکھا کہ غم میں بھی وقار کا حق ہوتا ہے۔
علی عمران عباسی نے کہا کہ سوشل میڈیا کی شہرت اور ڈالرز کی دوڑ میں انسانیت روند ڈالی، یہ سوشل میڈیا کی اندھی ہوس اور بے حسی کی وہ انتہا ہے جس نے دل دہلا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ویڈیو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اگر ہم نے حدود مقرر نہ کیں تو کل ہر غم، ہر دکھ، ہر جنازہ بھی ’کانٹینٹ‘ بن جائے گا۔
جہاں کئی صارفین ان کے وی لاگ پر تنقید کرتے اور یوٹیوبر پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے نظر آئے وہیں چند صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے غربت کی وجہ سے ایسا کیا۔
ایک ایکس صارف نے کہا کہ پہلے غربت کو الزام دو، پھر انہیں۔ بے شک انہوں نے غلط کام کیا ہے، لیکن ایسا لگتا ہے وہ بہت ہی بری زندگی گزار رہے ہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ غریبی انسان سے کیا کچھ نہیں کراتی۔