اہم خبریں

اسٹیٹ بینک ملکی معیشت کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہا ، ایس ایم تنویر

لاہور (اے بی این نیوز) ایف پی سی سی آئی کے رہنما ایس ایم تنویر نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ کو برقرار رکھنے کے فیصلے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک ملکی معیشت کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی قابو میں ہے اور کنزیومر پرائس انڈیکس نمایاں حد تک کم ہے، اس کے باوجود بلند شرح سود معیشت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے اور کاروبار کے ساتھ ساتھ صارفین کے مسائل بھی بڑھا رہی ہے۔ ان کے مطابق بلند پالیسی ریٹ سرمایہ کاری کو روکے ہوئے ہے، روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں اور صنعتی شعبہ غیر ضروری دباؤ کا شکار ہے جو ملکی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایس ایم تنویر نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ جب تک پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کر کے اسے 6 فیصد تک نہیں لایا جاتا، معیشت میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، کاروباری طبقے کو آسان شرائط پر قرضے دستیاب ہوں گے اور ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخ بھی کم کر کے انہیں خطے کے مقابلے میں 9 سینٹ فی کلو واٹ گھنٹہ پر لانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کاروبار کی لاگت کم ہو، برآمدات میں اضافہ ہو اور معیشت مستحکم ہو سکے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسٹیٹ بینک کا موجودہ پالیسی ریٹ 11 فیصد ہے اور مانیٹری پالیسی کمیٹی نے مئی 2025 سے اسے اسی سطح پر برقرار رکھا ہوا ہے، جس کی تازہ ترین توثیق 15 ستمبر 2025 کو کی گئی۔ یہ فیصلہ اس توقع کے باوجود کیا گیا کہ ریٹ کم ہوگا، تاہم حالیہ سیلاب کے بعد غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے اور کرنسی پر دباؤ کے خدشات کے باعث پالیسی سختی برقرار رکھی گئی۔

یو بی جی کے پیٹرن ان چیف نے حکومت سے فوری طور پر پالیسی ریٹ پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں نرم مانیٹری پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معیشت کو سہارا دیا جا سکے اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم ہو۔ ان کے مطابق اس فیصلے میں تاخیر ملک کو مزید معاشی جمود میں دھکیل دے گی اور ترقی کے عمل کو نقصان پہنچائے گی، اس لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ معیشت کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو اور ترقی کی رفتار تیز کی جا سکے۔

مزید پڑھیں :اسرائیل نے تمام سرخ لکیریں عبور کر لیں ،ایران

متعلقہ خبریں