اہم خبریں

امتحان لینے میں کوئی مسئلہ نہیں، تاریخ میں مزید توسیع نہیں کر رہے، پی ایم ڈی سی

اسلام آباد (اے بی این نیوز)پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں پی ایم ڈی سی، وزارتِ صحت اور اراکینِ کمیٹی کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صدر پی ایم ڈی سی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور امتحانات کے انعقاد میں انہیں کوئی اعتراض نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے بعد وزیرِ صحت سے بھی ملاقات ہو چکی ہے۔چیئرمین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ اگر اسٹیک ہولڈرز سے بات کی گئی تو کیا ان علاقوں میں موجود طلبہ کی رائے بھی جانی گئی؟ اس موقع پر وزیرِ صحت نے وضاحت دی کہ امتحانات کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جا رہی، البتہ اگر بارشوں یا دیگر غیر معمولی حالات کے باعث مشکلات پیدا ہوئیں تو اس پر نظرِ ثانی کی جا سکتی ہے۔اجلاس میں پولی کلینک اسپتال کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ رکنِ کمیٹی عالیہ کامران نے کہا کہ پولی کلینک کے ملازمین کو دیے گئے اعزازیے کی تفصیلات بارہا مانگی گئیں مگر ہر بار کاغذات واپس کر دیے جاتے ہیں۔
نہوں نے شکوہ کیا کہ پولی کلینک میں احتجاج جاری ہے لیکن وزارتِ صحت کو اس کی خبر تک نہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جب سے یہ کمیٹی بنی ہے پولی کلینک کے مسائل بار بار سامنے آ رہے ہیں لیکن حل نہیں ہو پا رہے۔وزیرِ صحت نے مؤقف اپنایا کہ پولی کلینک میں ڈاکٹرز اور اسٹاف کے مسائل حل کر دیے گئے ہیں اور اب اسلام آباد کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی کمی پر توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پمز اور پولی کلینک میں تمام ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، اور اگر ضرورت پڑی تو آؤٹ آف بجٹ بھی جانا پڑے گا تاکہ مریضوں کو علاج میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں :سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کا اعلان، ڈسکاؤنٹ ریٹ 11 فیصد پر برقرار

متعلقہ خبریں