اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پریکٹس کرنے کے خواہشمند تمام غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کے لیے نیشنل ریزیڈنسی ایگزامینیشن (این آر ای) دینا لازمی ہوگا۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق یہ امتحان صرف ان گریجویٹس کے لیے دستیاب ہوگا
جنہوں نے ایسے غیر ملکی اداروں سے تعلیم حاصل کی ہے جو تسلیم شدہ اور ای سی ایف ایم جی (ECFMG) لسٹ میں شامل ہوں۔ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف تسلیم شدہ اداروں سے فارغ التحصیل طلبا کو پروویژنل رجسٹریشن دی جائے گی، جبکہ غیر تسلیم شدہ اداروں کے گریجویٹس کو این آر ای پاس کیے بغیر کسی صورت رجسٹریشن نہیں دی جا سکتی۔ کونسل نے اس مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔
پی ایم ڈی سی نے میڈیا پر زیر گردش دعووں کو بھی مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ این آر ای سے متعلق 4000 سے 7000 کیسز کے زیر التوا ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اصل تعداد صرف 700 کے قریب ہے۔ مزید یہ کہ متعدد امیدواروں نے رجسٹریشن فیس ایڈجسٹ کرا لی ہے، اور عمل شفاف انداز میں جاری ہے۔
کونسل نے یاد دہانی کرائی کہ دنیا کے ہر ملک میں میڈیکل پریکٹس کے لیے لائسنسنگ امتحان دینا ایک معمول کی بات ہے، اور پاکستان میں بھی یہ اصول لاگو ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں تمام امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور کسی بھی غیر تسلیم شدہ ادارے سے تعلیم حاصل کرنے سے قبل پی ایم ڈی سی کی لسٹ ضرور چیک کریں۔
مزید پڑھیں :