اہم خبریں

ایشیا کپ،گروپ اے میں بھارت پہلے پاکستان دوسرے نمبر پر

دبئی ( اے بی این نیوز )ایشیا کپ 2025 کے گروپ اے میں شاندار مقابلے جاری ہیں اور چاروں ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ بھارت اور پاکستان اپنے ابتدائی میچز میں کامیاب ہو کر پوائنٹس ٹیبل پر برتری حاصل کر چکے ہیں جبکہ عمان اور متحدہ عرب امارات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس وقت بھارت 10.483 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے اور پاکستان 4.650 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ عمان تیسرے جبکہ یو اے ای چوتھے نمبر پر ہے۔

اصل توجہ اب 14 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان بمقابلہ بھارت میچ پر ہے، جو نہ صرف گروپ اے کا سب سے بڑا ٹاکرا ہے بلکہ ایشیا کپ کا سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا میچ بھی ہے۔ شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے اور ٹکٹوں کی مانگ آسمان کو چھو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ہائی وولٹیج مقابلے کے نوے فیصد ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ جنرل انکلوژر کے ٹکٹس تقریباً ختم ہو چکے ہیں جبکہ باقی نشستوں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

جمعرات کی شام تک سب سے کم ٹکٹ 750 درہم یعنی تقریباً 57 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب تھا جبکہ پریمیئم نشستوں کی قیمت 3500 درہم تک جا پہنچی، جو تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔ دبئی جیسے انٹرنیشنل شہر میں اس میچ کی مانگ اتنی زیادہ ہے کہ محدود نشستوں کے لیے ٹکٹ باکسز کے باہر طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔ دبئی پولیس اور ٹورنامنٹ منتظمین نے رش کو قابو میں رکھنے اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے ہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل نے شائقین کی سہولت کے لیے مزید ٹکٹس فروخت کے لیے رکھ دیے ہیں اور ایک نئی آن لائن ونڈو بھی کھول دی گئی ہے تاکہ لوگ اپنی نشستیں بروقت یقینی بنا سکیں۔ پاک بھارت میچ ہمیشہ سے کرکٹ دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ مانا جاتا ہے اور اس بار بھی یہ مقابلہ ایشیا کپ 2025 کے سب سے یادگار لمحات میں سے ایک بننے جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں :دنیا فلسطین کے حق میں بول اٹھی،اسرائیل ،امریکہ موقع سے فرار،جا نئے ہو شربا تفصیلات

متعلقہ خبریں