مظفر گڑھ ( اے بی این نیوز ) مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں عظمت پور بند ٹوٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی ہے۔ شگاف پڑتے ہی قریبی بستیاں تیزی سے زیر آب آ گئیں اور لوگ جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پانی کے دباؤ کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں نو، نو فٹ سے زائد پانی داخل ہو چکا ہے اور روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ متاثرین کے مطابق کشتیاں بھی کمیاب ہیں اور جو موجود ہیں وہ لوگوں کو نکالنے کے عوض فی کس 50، 50 ہزار روپے تک مانگ رہے ہیں، جس نے مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اور انتظامیہ موقع پر موجود ہیں تاہم مقامی افراد شکوہ کر رہے ہیں کہ امدادی کام ناکافی ہیں اور فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید بستیاں بھی پانی میں ڈوبنے کا خدشہ ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ متاثرہ خاندان اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔
مزید پڑھیں :انجینئر محمد علی مرزا کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور