اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد سے راولپنڈی تک مسافروں کے لیے ریل کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹرو اور بس سروس، نئی بسیں اور الیکٹرک ٹرانسپورٹ بھی پہلے فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک دستیاب ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے وزارت ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ریل کے ذریعے ملانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرے تاکہ جڑواں شہروں کے شہریوں کے لیے آمدورفت کو مزید آسان اور موثر بنایا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ابھی سے تیاریاں شروع کرنی ہوں گی اور رہائش کا بندوبست کر کے اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانا ہو گا۔قبل ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 150 دنوں میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلائی اوور منصوبہ تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
فلائی اوور ایک کلومیٹر سے زائد طویل اور 11.30 میٹر چوڑا ہوگا اور اسٹریٹ لائٹس اور باغبانی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :ٹرمپ کے قریبی ساتھی کی جان لینے والا گرفتار،جا نئے تفصیل