اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد میں آج ایک اہم ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹیم کو مبارکباد دی اور اس موقع پر واضح کیا کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی چوک منصوبہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کے لیے سہولت اور آسانی کا نیا دور ثابت ہوگا۔ فلائی اوور کی تعمیر کے بعد ایکسپریس وے اور دیگر اہم راستوں پر سفر تیز اور آسان ہوگا، جس سے ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جڑواں شہروں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کوالٹی پر کسی بھی سطح پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور اسلام آباد کو جدید سہولیات کے ساتھ مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ تاجکستان کی جانب سے مختلف اقسام کے نایاب پودے تحفے میں دیے گئے ہیں، جنہیں شاہراہ دستور اور دیگر مقامات پر لگایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے چند ہفتوں میں شاہراہ دستور کے اطراف رنگ برنگے پھول شہریوں کو خوشگوار مناظر فراہم کریں گے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ کی میزبانی کرے گا اور اس کے لیے ابھی سے بھرپور تیاریوں کا آغاز ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جڑواں شہروں کے باسیوں کے لیے ریل کار منصوبہ بھی زیر غور ہے جو شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرے گا، جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے ای وی ٹرانسپورٹ کو بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے محسن نقوی اور حنیف عباسی کی کاوشوں کو بھی سراہا جو نئے سفری منصوبوں پر بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔ یہ اقدامات نہ صرف ٹریفک کے دباؤ کو کم کریں گے بلکہ دونوں شہروں کے باسیوں کو روزمرہ سفر میں آرام اور وقت کی بچت بھی فراہم کریں گے۔
مزید پڑھیں :سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جا ئے،پیپلز پارٹی