اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کا کیس جلد مقرر کرنے کی درخواستیں کل سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل دو رکنی بنچ کل بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کا کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کروائی تھی ۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
دوران سماعت سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ کے بیان پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے جرح مکمل کر لی جبکہ انعام شاہ کے بیان پر آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی جرح کریں گے۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت12 ستمبر بروز جمعہ تک ملتوی کر دی ۔
مزید پڑھیں۔سابق چیف جسٹس سشیلا کرکی نے عبوری حکومت کی قیادت قبول کرلی















