اہم خبریں

ہنرمندی کے ذریعے روزگار کی فراہمی کیلئے خصوصی پروگرام کا آغاز

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی حکومت کا نوجوانوں کیلئے بڑا اقدام سامنے آگیا۔ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) نے پاکستان گلوز مینو فیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ہنرمندی کے ذریعے روزگار کی فراہمی کیلئے خصوصی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ اقدام پرائم منسٹر یوتھ پروگرام (PMYP) اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر درکار جدید مہارتوں میں تربیت فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق تربیتی پروگرام میں انڈسٹری کے تجربہ کار اساتذہ نوجوانوں کو براہِ راست جدید ہنر سکھائیں گے۔ اس سلسلے میں CAD/CAM، کمپیوٹرائزڈ گلوز (پیٹرن میکنگ)، لیدر گلوز پیٹرن میکنگ اور لیدر گلوز سٹچر جیسے کورسز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ تمام کورسز کی مدت 6 ماہ رکھی گئی ہے اور یہ مکمل طور پر مفت ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ پروگرام کے تحت مقامی انڈسٹری کے ساتھ براہِ راست روابط کے ذریعے طلبہ کیلئے ملازمت کے دروازے کھولے جائیں گے تاکہ تربیت کے بعد انہیں فوری طور پر معاشی طور پر مستحکم کیا جا سکے۔

پروگرام میں داخلے کیلئے کم از کم تعلیمی قابلیت مڈل یا میٹرک رکھی گئی ہے جبکہ عمر کی حد 16 سے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق خواہشمند امیدوار 25 ستمبر 2025 تک آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ کلاسز کا باضابطہ آغاز یکم اکتوبر سے ہو گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں بامقصد روزگار دلانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اگر نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھائیں تو نہ صرف اپنی معاشی حالت بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں۔وفاقی کابینہ نےگھریلو استعمال کیلئےگیس کنکشن پرعائد پابندی ختم کردی

متعلقہ خبریں