اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وزیرِ مملکت اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا، فہد ہارون نے سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بات چیت کے دوران سعودی وژن 2030 پر خصوصی گفتگو ہوئی، جس میں ڈیجیٹل میڈیا کے کردار اور بدلتے عالمی میڈیا رجحانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل تعاون نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنائے گا بلکہ نوجوان نسل کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
فہد ہارون نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کو اپنا قریبی دوست اور اہم پارٹنر سمجھتا ہے اور میڈیا اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون دونوں ملکوں کے لیے ایک نئے دور کی شروعات ثابت ہو گا۔ سعودی سفیر نے بھی اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے اور مستقبل میں مشترکہ منصوبے خطے کے ترقیاتی عمل میں اہم کردار ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں :کراچی میں سیلاب،سکول بند،فوج طلب،ایم 9 ڈوب گئی، ایمرجنسی آپریشن شروع