کراچی ( اے بی این نیوز )سونے کی قیمت نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی ہے اور عالمی و مقامی مارکیٹ میں نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔ کراچی صرافہ بازار کے اعداد و شمار کے مطابق صرف ایک دن میں فی تولہ سونا 4100 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 88 ہزار 100 روپے پر پہنچ گیا ہے، جو ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 3514 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 32 ہزار 733 روپے میں دستیاب ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کا رجحان اوپر کی جانب ہے جہاں فی اونس سونا 41 ڈالر بڑھ کر 3654 ڈالر تک جا پہنچا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور جیو پولیٹیکل تناؤ کی وجہ سے سرمایہ کار سونا خریدنے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھ رہے ہیں۔
پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث سونے کی قیمت نے عام صارفین اور زیورات کے خریداروں کو شدید متاثر کیا ہے۔ شادی بیاہ کے سیزن میں خریداروں کے لیے قیمتی زیورات خریدنا مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے جبکہ سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر ترجیح دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :تیل کی قیمتوں میں اضافہ