اہم خبریں

50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کمپنیوں کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان قیمتی دھاتوں کی کان کنی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں بڑے معاہدے طے پا گئے ہیں۔ اس موقع پر دو اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوئے جنہیں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دور کی شروعات قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکی وفد کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان تانبے، سونے، ٹنگسٹن، اینٹیمونی اور دیگر قیمتی معدنیات کے وسیع ذخائر رکھتا ہے جنہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور امریکی کمپنی کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پایا جس کے تحت نہ صرف معدنیات کی کان کنی ہوگی بلکہ ایک جدید پولی میٹلک ریفائنری بھی قائم کی جائے گی۔ اس منصوبے سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، روزگار کے نئے مواقع اور پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا، جبکہ قیمتی معدنیات کی برآمد سے ملک کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

اسی طرح نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور امریکی کمپنی کے درمیان بھی لاجسٹکس اور تعمیرات کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ امریکی وفد نے واضح کیا کہ وہ پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ معاہدے پاکستان کے معدنی وسائل اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں کھولیں گے اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مزید پڑھیں :ڈینگی اسلام آباد پہنچ گیا، نئے کیسز رجسٹرڈ

متعلقہ خبریں