اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد میں ڈینگی کی صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں مگر گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید تین نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تمام مریض دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ نئے کیسز میں ایک مریض بارہ کہو، ایک ترلائی اور ایک علی پور سے تعلق رکھتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ڈینگی کنٹرول ٹیموں نے فوری فیلڈ وزٹ کیے اور متاثرہ مقامات پر اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ گزشتہ روز 230 انسپیکشنز مکمل کیے گئے جن میں سات ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی ہوئی، جنہیں اسسٹنٹ کمشنرز کے سپرد کر دیا گیا ہے تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
انسدادِ ڈینگی کے تحت اب تک اسلام آباد میں 27 ہزار سے زائد سرگرمیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ بارہ کہو کے علاقے قاضی آباد میں دو ہزار گھروں کا خصوصی سروے کیا گیا جبکہ 11 مریضوں کے گھروں اور 358 اطراف کے گھروں میں اسپرے کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 490 فومیگیشن سرگرمیاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کمرشل سائٹس پر ڈینگی روک تھام قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ہائی رسک علاقوں اور ہاٹ اسپاٹس میں فوگنگ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں :علیمہ خان کے خلاف تھانے میں درخواست جمع،جا نئے کس نے دی