اہم خبریں

پنجاب کے تین دریائوں میں فلڈ

لاہور (اے بی این نیوز) ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے کے تین بڑے دریاؤں میں اس وقت سیلاب کی کیفیت ہے اور سب سے زیادہ مشکلات گزشتہ 48 گھنٹوں سے ملتان اور اطراف کے علاقوں میں درپیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج میں گزشتہ چھ سے آٹھ ہفتوں سے سپر فلڈ کی صورتحال جاری ہے جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں پنجاب بھر میں ساڑھے 18 لاکھ ایکڑ زرعی زمین اور کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ صرف چاول کی ساڑھے آٹھ لاکھ ایکڑ فصل مکمل طور پر برباد ہوگئی ہے۔ اس بڑے نقصان نے کسانوں اور زرعی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے افسوسناک اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ 26 اگست کے بعد آنے والے سیلاب میں اب تک 61 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر اس مون سون سیزن میں پنجاب میں 225 اموات ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں لیکن پانی کی بلند سطح اور مسلسل بارشوں کے باعث مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں :آزادی صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے،بلاول

متعلقہ خبریں