اہم خبریں

آزادی صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے،بلاول

اسلام آباد( اے بی این نیوز    )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی طیب بلوچ سمیت میڈیا نمائندوں پر تشدد نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ ناقابلِ برداشت رویہ ہے، جو جمہوری اقدار اور آزاد صحافت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ ایسی کارروائیاں صحافیوں کی آزادی اور عوام کے جاننے کے حق کو دبانے کے مترادف ہیں، اور یہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں قابلِ قبول نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے اور اسے نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ملک کے سیاسی و سماجی مستقبل کے لیے خطرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی اس مؤقف پر قائم رہے گی۔ بلاول بھٹو نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافیوں پر حملے دراصل جمہوریت پر حملے کے مترادف ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

مزید پڑھیں :ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لئے ٹینڈر کھول دیئے گئے

متعلقہ خبریں