اہم خبریں

سعودی عرب کے قریب انٹرنیشنل سب میرین کیبل کٹنے کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار شدید متاثر ہوئی،شزہ فاطمہ

اسلام آ باد ( اے بی این نیوز  )اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے قریب انٹرنیشنل سب میرین کیبل کٹنے کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار شدید متاثر ہوئی ہے اور متعدد علاقوں میں سروسز سست روی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ کیبل جدہ کے قریب کٹی ہے اور اس حوالے سے حکومت مسلسل بین الاقوامی اداروں سے رابطے میں ہے تاکہ مرمت کے شیڈول سے متعلق عوام کو فوری آگاہ کیا جا سکے۔

شزہ فاطمہ نے وضاحت کی کہ یہ تکنیکی خرابی بین الاقوامی سطح پر سامنے آئی ہے جس پر پاکستان کا براہِ راست اختیار نہیں تاہم اندرون ملک انٹرنیٹ سروس کو بہتر رکھنے کے لیے پی ٹی سی ایل سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز متحرک ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ سست انٹرنیٹ نے کاروباری سرگرمیوں، ای-کامرس، آن لائن تعلیم اور ڈیجیٹل سروسز کو متاثر کیا ہے اور عوامی پریشانی اپنی جگہ ایک بڑا چیلنج ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں براڈبینڈ اسپیکٹرم کی کمی بھی ایک مستقل مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیبل کو کس نوعیت کا نقصان پہنچا ہے، اس کا تکنیکی جائزہ جاری ہے اور مرمت مکمل ہونے تک متبادل ذرائع پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ انٹرنیٹ صارفین کو کچھ حد تک سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید پڑھیں :کل پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی اڈیالہ جیل جائیں گے

متعلقہ خبریں