لاہور ( اے بی این نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا لیکن بروقت اقدامات کے باعث ہزاروں قیمتی جانیں بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت دن رات ریلیف اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہے اور متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ بہادری سے جنگیں لڑی ہیں اور ان کے والد نواز شریف بھی ایران کے لیے دعا کرنے کی تلقین کرتے رہے۔ مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ اپنی تعلیم کے دوران انہوں نے خصوصی طور پر فارسی زبان کا مضمون پڑھا تاکہ ایران اور پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
لاہور میں ایرانی سفیر سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے باہمی تعلقات انتہائی متاثر کن ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت اور عوام پاکستان کی قیادت اور عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
ایرانی سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ انہی کوششوں کی بدولت لوگ پنجاب کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 300 سے زائد ایرانی طلبہ پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور وہ نواز شریف کو والد جیسا احترام دیتے ہیں۔ غزہ کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کا رویہ امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
ایرانی سفیر نے سیلاب کے دوران مریم نواز کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہیں۔ ان کی طرف سے ریلیف کے اقدامات اور بحالی کی کوششیں متاثرہ عوام کے لیے امید کی کرن ہیں۔
مزید پڑھیں :کل پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی اڈیالہ جیل جائیں گے