اسلام آباد (اے بی این نیوز) کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ایشیا کپ 2025 کے میچز دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے اور اس بار یہ ایونٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوگا۔ ایونٹ کو لے کر شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے کیونکہ دنیا کی ٹاپ ٹیمیں ایک بار پھر شاندار مقابلوں کے لیے میدان میں اتریں گی۔ 2016 میں بھارت اور 2022 میں سری لنکا نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز 2000 اور 2012 میں حاصل کیا۔ بھارت آٹھ اور سری لنکا چھ مرتبہ ایشیا کپ کے فاتح رہ چکے ہیں۔
عمان پہلی بار اس بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہا ہے جس سے ایونٹ کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، یو اے ای اور عمان کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔ افتتاحی میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا۔ پاکستان اپنی مہم کا آغاز 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کرے گا اور سب سے بڑا ٹاکرا 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ہے، جو شائقین کے لیے سب سے زیادہ توجہ کا مرکز ہوگا۔ پاکستان کا تیسرا میچ 17 ستمبر کو یو اے ای کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور میں رسائی حاصل کریں گی اور ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو ہوگا۔
پاکستان ٹیم حالیہ فارم میں ہے اور سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ ایشیا کپ میں اترے گی۔ گرین شرٹس نے 2025 میں کھیلے گئے 19 میں سے 11 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتے ہیں اور بنگلہ دیش و ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی سیریز اپنے نام کی ہیں۔ شائقین کرکٹ پرجوش ہیں کہ کیا اس بار پاکستان ایک اور ایشیا کپ جیت کر تاریخ رقم کرے گا یا بھارت اور سری لنکا اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔ دبئی اور ابوظہبی کے میدان جلد ہی کرکٹ فیسٹیول کا منظر پیش کریں گے جہاں ہر میچ یادگار بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کاصحافیوں پر حملہ