ملتان ( اے بی این نیوز ) سیلاب کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث جلالپور پیر والا شہر کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، جہاں دریائے چناب کے پانی سے بنائے گئے بند پر شدید دباؤ کے سبب کسی بھی لمحے بند ٹوٹنے کا خطرہ لاحق ہے۔ کیپٹل پولیس آفیسر (سی پی او) ملتان کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی ہدایت کے مطابق، شہریوں کو فوری طور پر گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے
تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔شہر بھر کی مساجد میں اعلانات کروائے گئے ہیں اور مقامی پولیس و ریسکیو ادارے ہر سطح پر متحرک ہو چکے ہیں۔ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر، ریسکیو آپریشن کے لیے 50 اضافی کشتیاں منگوائی گئی ہیں، جبکہ پھنسے ہوئے شہریوں کو تلاش اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے 5 تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز بھی میدان میں آ گئے ہیں۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ آج رات تک تمام متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب نے دریائے ستلج میں بھی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والی معلومات کے تحت دریائے ستلج کے ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا
ہے اور آنے والے دنوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ریسکیو، سول انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل الرٹ پر ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور تمام ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جا رہے ہیں
تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں جاری اس ہنگامی صورتحال نے ایک بار پھر ماحولیاتی اور آبی بحران کی سنجیدگی کو نمایاں کر دیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ افواہوں سے گریز کرتے ہوئے صرف مستند ذرائع سے اطلاعات حاصل کریں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ اس بحران سے محفوظ طریقے سے نکلا جا سکے۔
مزید پڑھیں :