اہم خبریں

موبائل سمز ڈیٹا لیک،قومی سلامتی کے لیے خطرہ ،وزیر داخلہ ان ایکشن

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )موبائل سمز کے ڈیٹا لیک ہونے سے متعلق خبروں پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایکشن لے لیا ہے۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کو متحرک کر دیا گیا ہے، جس نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں موجود ذرائع کے مطابق، محسن نقوی نے ایک خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جو ڈیٹا لیک کے اس سنجیدہ اور حساس معاملے کی تمام پہلوؤں سے جامع تحقیقات کرے گی۔ ٹیم کو 14 روز میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا مجرمانہ غفلت سامنے آ سکے۔وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ڈیٹا لیک جیسے واقعات صرف صارفین کی پرائیویسی پر حملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں،

اور ایسے عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے انویسٹی گیشن ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ جو بھی فرد یا گروہ اس عمل میں ملوث پایا جائے، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے حساس ڈیٹا کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت ناقابل قبول ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی ماہرین، سیکیورٹی ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیز بھی اس معاملے میں معاونت فراہم کر رہی ہیں تاکہ اصل ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

مزید پڑھیں :پنجاب میں دریاؤں کی صورتحال سنگین ،الرٹ جاری،جا نئے تازہ ترین

متعلقہ خبریں