پشاور ( اے بی این نیوز )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں ایک بڑے عوامی جلسے کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلسہ صرف ایک سیاسی اجتماع نہیں بلکہ آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کی جدوجہد کا عملی اظہار ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلابی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ عوامی اجتماع متاثرین کی مدد اور ریاستی نظام میں شفافیت کی ضرورت کو اجاگر کر سکے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جلسے کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان پانچ روز قبل کیا جائے گا تاکہ تمام تر انتظامات مکمل اور موسم کی صورتحال بھی مدنظر رکھی جا سکے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہم حق کی جنگ لڑ رہے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اس جدوجہد کا حصہ بنیں۔” ان کے مطابق یہ جلسہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ پاکستان کے عوام، مخالفین اور دنیا بھر کو ایک واضح پیغام دے گا کہ قوم اپنے آئینی حقوق، انصاف اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے متحد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بانی تحریک انصاف کی قیادت میں جاری “حقیقی آزادی” کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس جلسے کے ذریعے اس عزم کا عملی اظہار کیا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ہر پاکستانی کو جلسے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، کیونکہ یہ جلسہ کسی ایک جماعت یا رہنما کا نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق، آزادی اظہار، اور آئین کی بالادستی کی علامت ہوگا۔
مزید پڑھیں :ڈینگی کے حملے،1 لاکھ 6 ہزار سے زائد گھروں میں لاروا برآمد،صورتحال تشویشناک،انتظامیہ بے بس