اہم خبریں

جدید نکاسی آب کا نظام لایا جائیگا،مریم نواز

گجرات ( اے بی این نیوز   )گجرات میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد نکاسی آب کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور اب شہر کے بیشتر متاثرہ علاقوں میں زندگی معمول پر آتی دکھائی دے رہی ہے۔ فیصل گیٹ، مین سرکلر روڈ، مچھلی بازار، اور پاکستان چوک جیسے اہم مقامات سے پانی کی نکاسی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ خواجگان روڈ، تھانہ بی ڈویژن اور ملحقہ علاقوں کو بھی کلیئر کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ علاقوں سے بھی نکاسی آب کے لیے آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی اور ساہیوال سے واسا کی جدید مشینری گجرات روانہ کی گئی، جس نے نکاسی آب کے عمل کو غیرمعمولی حد تک تیز کر دیا۔ مریم نواز نے فیلڈ میں موجود صوبائی سیکرٹریز، تمام اداروں، افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ الحمداللہ! گجرات میں زندگی ایک بار پھر معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ سیلاب کے بعد نہ صرف گجرات بلکہ تمام شہروں میں جدید نکاسی آب کا نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔

وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق بھی گجرات میں موجود ہیں، جہاں وہ خود متاثرہ بازاروں اور سڑکوں پر پہنچ کر نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کی آمد کے بعد صفائی اور نکاسی کا کام مزید تیز ہو گیا ہے۔ ذیشان رفیق نہ صرف بازاروں میں موجود رہے بلکہ کئی مقامات پر پانی میں اتر کر خود امدادی کارروائیوں کا حصہ بنے، جس سے مقامی انتظامیہ اور عملے کے حوصلے بلند ہوئے۔ان کے ہمراہ کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی بھی موجود تھے، جنہوں نے صوبائی وزیر کے ہمراہ ڈسپوزل اسٹیشنز اور نالوں کی موجودہ حالت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ذیشان رفیق نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ نکاسی آب کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مزید پڑھیں :ڈینگی کے حملے،1 لاکھ 6 ہزار سے زائد گھروں میں لاروا برآمد،صورتحال تشویشناک،انتظامیہ بے بس

متعلقہ خبریں