اہم خبریں

سیلاب کتنے افراد کو نگل گیا،جانئے دل شگاف اعداد وشمار

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )   ملک بھر میں جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں نقصانات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ان میں سے دو افراد کا تعلق خیبر پختونخوا جبکہ ایک کا تعلق پنجاب سے ہے۔این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 26 جون سے اب تک ہونے والی بارشوں، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 910 افراد جان سے جا چکے ہیں جبکہ 1044 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں سیلابی ریلوں سے ہوئیں، جن کی تعداد 442 ہے۔ مکانات گرنے کے نتیجے میں 252 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے، جب کہ 65 افراد مختلف مقامات پر پانی میں ڈوبنے سے ہلاک ہوئے۔ لینڈ سلائیڈنگ نے 25 افراد کی جان لی، 23 افراد کرنٹ لگنے سے جان سے گئے، جبکہ 26 افراد پر آسمانی بجلی گری، جو ان کی زندگی کا خاتمہ بن گئی۔ اس کے علاوہ 7 افراد مختلف دیگر وجوہات کی بنا پر بارشوں کے دوران جاں بحق ہوئے۔
صوبہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا، جہاں اب تک 504 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 234، سندھ میں 58 اور بلوچستان میں 26 رہی۔ زخمیوں کے حوالے سے بھی خیبر پختونخوا اور پنجاب سرفہرست رہے۔ پنجاب میں 654 اور کے پی میں 218 افراد زخمی ہوئے، سندھ میں 78، گلگت بلتستان میں 52، آزاد کشمیر میں 34، بلوچستان میں 5 اور اسلام آباد میں 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ان آفات کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 7,850 گھروں کو نقصان پہنچ چکا ہے،
جن میں سے 1,945 مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ 5,905 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ 6,180 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے دیہی علاقوں میں روزگار اور خوراک کے مسائل مزید شدت اختیار کر رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے بعد عوامی سطح پر ایک بار پھر حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد کو تیز کیا جائے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں سیلابی پانی کے نکاس، عارضی رہائش، طبی امداد اور خوراک کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں :بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا خاص سروے،مستحق افراد کیلئے اہم موقع،ریلیف حاصل کریں،جانئے تفصیلات

متعلقہ خبریں