لاہور ( اے بی این نیوز ) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنا تفصیلی طبی معائنہ کرایا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو کچھ دنوں سے گردن اور سر کے پٹھوں میں شدید درد کی شکایت تھی، جس کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں مکمل نیورولوجیکل چیک اپ کا مشورہ دیا۔ اسی حوالے سے انہوں نے ادارے کے ماہرین سے رجوع کیا۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں نواز شریف کی ایم آر آئی بھی کی گئی، جو خاص طور پر گردن اور دماغ کے حصوں پر مرکوز تھی۔ ان کا معائنہ معروف نیوروسرجن اور ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے خود کیا، جبکہ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمر اسحاق بھی موجود تھے۔ نواز شریف کا چیک اپ خصوصی طور پر نیورو وارڈ میں کیا گیا جہاں دیگر مریضوں سے الگ، پرائیویسی کے ساتھ ان کا معائنہ ممکن بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو معائنے کے بعد اسپتال کے اینجیو ڈیپارٹمنٹ میں بھی لے جایا گیا، جہاں ان کی ڈیجیٹل سبٹریکشن اینجیوگرافی (DCR) کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ان کے نیورولوجیکل مسائل کی مکمل جانچ پڑتال اور ممکنہ وجوہات کی تشخیص تھا۔
مزید پڑھیں :بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا خاص سروے،مستحق افراد کیلئے اہم موقع،ریلیف حاصل کریں،جانئے تفصیلات