سیالکوٹ ( اے بی این نیوز )ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اعلان کیا ہے کہ ضلع کے 80 سرکاری اسکول سیلابی پانی سے متاثر ہونے کی وجہ سے10 ستمبر تک بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی ہدایات اور موجودہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ طلباء کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق، تحصیل سیالکوٹ، ڈسکہ، پسرور اور سمبڑیال کے متعدد سرکاری اسکول بارشوں اور سیلاب کے باعث بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کئی اسکولوں کے احاطے میں اب بھی پانی کھڑا ہے، جس سے تدریسی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ تحصیل سمبڑیال کے اسکولوں میں بھی عارضی طور پر تدریسی عمل روک دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر نے واضح کیا کہ یہ بندش صرف سرکاری اسکولوں کے لیے ہے، جب کہ ضلع بھر کے نجی تعلیمی ادارے 5 ستمبر سے معمول کے مطابق کھل چکے ہیں۔
محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ اسکولوں کا مسلسل دورہ کر رہی ہیں اور جیسے ہی صورتحال بہتر ہو گی، اسکول دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں :ٹک ٹاکر سمعیہ حجاب کیس،اہم انکشافات