اسلام آباد(اے بی این نیوز)ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر متاثر ہوئی ہے جس کے باعث صارفین کو ڈیٹا اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ کی رفتار میں غیر معمولی کمی کی وجہ سعودی عرب کے شہر جدہ کے قریب سب میرین انٹرنیٹ کیبلز میں خرابی بتائی جا رہی ہے۔
صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے، پی ٹی سی ایل گروپ کے ترجمان نے کہا کہ متاثرہ کیبلز میں خرابی کی وجہ سے اہم بین الاقوامی کیبل سسٹمز جیسے SMW4 اور IMEWE کی بینڈوتھ جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ اس کی وجہ سے پاکستانی صارفین کو خاص طور پر مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار اور سروس کے معیار میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق پی ٹی سی ایل نے فوری اقدامات کرتے ہوئے متبادل بینڈوتھ پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بین الاقوامی شراکت دار بھی خرابی کو دور کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں جبکہ پاکستان میں مقامی ٹیمیں اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ سروس میں رکاوٹ کو کم سے کم رکھا جائے۔
مزید پڑھیں:سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ، الرٹ جاری