اہم خبریں

6 سے 9 ستمبرکو موسلادھار بارشیں،طغیانی کا خدشہ،چھٹیاں منسوخ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز      )نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے کئی اضلاع میں 6 سے 9 ستمبر کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے جبکہ عوام کو بھی محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پنجاب ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، اٹک، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت متعدد اضلاع میں شہری سیلاب اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جنوبی پنجاب کے بھکر، لیہ، میانوالی اور بہاولپور میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں جبکہ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر اور میرپورخاص سمیت کئی اضلاع میں شدید بارشوں سے طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے قیمتی سامان اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں، ہنگامی کٹس میں خشک خوراک، پینے کا پانی اور بنیادی طبی امداد لازمی شامل رکھیں اور سیلابی نالوں یا خطرناک راستوں پر جانے سے گریز کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ بارشوں کے بعد پھیلنے والی وبائی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔
مزید پڑھیں :زلزلہ،شدت4.9

متعلقہ خبریں