لاہور ( اے بی این نیوز ) پنجاب میں حالیہ بارشوں اور تباہ کن سیلابی صورتحال کے باعث قومی اور صوبائی اسمبلی کے متعدد حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے پانچ اور پنجاب اسمبلی کے چار حلقوں میں پولنگ ممکن نہیں رہی، جن میں این اے 66 وزیرآباد، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 129 لاہور اور این اے 143 ساہیوال شامل ہیں۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال میں بھی ضمنی انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے پولنگ اسٹاف دستیاب نہیں، جبکہ مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کئی سڑکیں، پل، ریل کی پٹریاں اور بجلی کے کھمبے پانی میں بہہ گئے ہیں۔ سرکاری و نجی عمارتوں، اسکولوں اور پولنگ اسٹیشنز کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، حتیٰ کہ وہ عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں جہاں انتخابی ریکارڈ محفوظ کیا گیا تھا۔
صورتحال کے پیش نظر سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے رپورٹ دی ہے کہ نہ صرف عملہ دستیاب نہیں بلکہ سکیورٹی کی فراہمی بھی ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں عوام فی الحال ووٹ ڈالنے سے محروم رہیں گے اور انتخابات صرف حالات معمول پر آنے کے بعد دوبارہ شیڈول کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں :دو روزہ عام تعطیل کا اعلان