اہم خبریں

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب

راولپنڈی( اے بی این نیوز        ) 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق شہر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر چھ ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ ٹریفک کے مؤثر انتظامات کے لیے پانچ سو سے زیادہ اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ مرکزی جلوس کے لیے دو ہزار چار سو سے زائد اہلکار مقرر کیے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر ایک سو پانچ جلوسوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے۔

جلوسوں کے شرکاء صرف مختص انٹری پوائنٹس سے داخل ہو سکیں گے جہاں واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے اور مکمل باڈی سرچ کے بعد ہی شرکت کی اجازت ہو گی۔ اس دوران سیف سٹی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی جبکہ چھتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔ جلوس کے راستوں پر گلیوں اور سڑکوں کو سیل کر دیا جائے گا اور پولیس کی موبائلز، ایلیٹ فورس، ڈولفن اور محافظ فورسز اپنے اپنے علاقوں میں مسلسل گشت کریں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ پرامن اور شاندار طریقے سے جشن عید میلاد النبی ﷺ منایا جا سکے۔

مزید پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے ملاقات،اہم معاہدوں پر دستخط

متعلقہ خبریں