شیخوپورہ(اے بی این نیوز) شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں نارنگ منڈی بازار میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پاکستان علماء کونسل کے رہنمااور عالم دین قاری عابد حسین ساقی جاں بحق ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق قاری عابد فاروقی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر جا رہے تھے کہ گول چکر دیوان خاص شادی ہال کے قریب2نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں لاہور میوہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے قاری عابد فاروقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دریں اثناء نارنگ میں قتل ہونے والےعالم دین قاری عابد فاروقی کی ہلاکت پر جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کوٹ عبدالمالک میں مقامی تنظیم کے صدر غلام نبی کی قیادت میں جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شیخوپورہ سے حافظ محمد اشفاق گجر اور مولانا محمد اشرف طاہر نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کلائوڈ برسٹ بڑھنے کی وجہ کیا ہے ؟ماہرین کا اہم انکشاف