اہم خبریں

اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیئے جائیں گے، سلمان اکرم راجہ کا انکشاف

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ موجودہ پارلیمانی نظام اور اسمبلیاں مصنوعی بنیادوں پر کھڑی ہیں اور ایسے افراد پر مشتمل ہیں جو عوام کے اصل مینڈیٹ کے حامل ہی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 47 کی بنیاد پر اسمبلیوں میں بیٹھنے والے نمائندے عوامی حق دار نہیں ہیں، اس لیے ہم اس نظام کو عزت دینے کے لیے تیار نہیں۔ حقیقی نمائندے وہ ہیں جو عوامی ووٹ سے جیت کر آتے ہیں اور ایسے ہی لوگوں کو اسمبلیوں میں بیٹھنے کا حق حاصل ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اسمبلیوں سے اجتماعی استعفے دینے کا ارادہ نہیں رکھتی لیکن اس مصنوعی نظام کا سہارا بھی ہرگز نہیں بنے گی۔ ان کے مطابق ہمارا مقصد صرف عوامی مسائل اجاگر کرنا اور ان کے حل تجویز کرنا ہے، مگر اس فراڈ پر مبنی نظام کو تقویت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائی متاثر نہیں ہوگی لیکن یہ محض جھوٹ اور فریب ہے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ یہ ان کا اور پارٹی کا بنیادی حق ہے جسے جیل قوانین اور عدالتی فیصلے بھی تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت تشویشناک ہے، دانتوں اور کان کا فوری علاج ہونا چاہیے اور ذاتی معالج تک رسائی دینا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونا اس پورے نظام کو مذاق بنا چکا ہے۔وہ پروگرام“سوال سے آگے میں گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ

انہوں نے موجودہ حکومت اور نظام کو فسطائیت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب عوامی طاقت اٹھتی ہے تو بڑے سے بڑا مصنوعی نظام بھی زمین بوس ہو جاتا ہے۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق پی ٹی آئی کا عزم صرف عوام کی اصل آواز بننا ہے، اور یہی وہ تحریک ہے جو اس وقت ملک کے کروڑوں شہریوں کے دل کی ترجمان ہے۔

مزید پڑھیں :بنوں ،فتنہ الخوارج کا حملہ،6جوان شہید،5 فتنوں کو جہنم واصل کر دیا گیا

متعلقہ خبریں