بنوں(اے بی این نیوز)ایف سی لائن پر دہشتگردوں کا حملہ، فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق صبح 10 بج کر 5 منٹ پر ایک خودکش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد مبینہ طور پر 5 دہشتگرد اندر گھس آئے، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی جس میں اب تک 4 حملہ آور ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور سمیت کئی دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
واقعے میں پولیس کے ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں سمیت 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ایف سی کے کچھ اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان خود موقع پر موجود ہیں اور آپریشن کی براہِ راست قیادت کر رہے ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوان بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں۔حکومت کے آئی ایم ایف مطالبات پر شدید تحفظات، تحریری چیلنج پر غور