اہم خبریں

ایس سی او اجلاس،مودی کو سفارتی کامیابی نہ مل سکی ،سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) سابق سیکرٹری خارجہ اور سینئر سفارتکار شمشاد احمد خان نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو وہ کامیابیاں حاصل نہیں ہو سکیں جن کی انہیں امید تھی۔
اجلاس کی جاری فوٹیجز میں دیکھا گیا کہ مودی نے چینی صدر شی جن پنگ سے مصافحہ کرنے کی کوشش کی، مگر انہوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔ اس واقعے کو بھارتی میڈیا میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اسے بھارت کی سفارتی ناکامی قرار دیا گیا۔
شمشاد احمد خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران کئی مواقع پر پروٹوکول توڑتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے لیے آگے بڑھے، اور ہاتھ ملاتے ہوئے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
’اے بی این نیوز کے پروگرام ’’تجزیہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شمشاد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی صلاحیت رکھنے والے ممالک ہیں اور خطے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ روایتی دشمنی کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھا جائے۔ ’’اب وقت آگیا ہے کہ چھوٹی موٹی کامیابیوں پر جشن منانے کے بجائے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں،‘‘ انہوں نے کہا۔
امریکہ کی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی سیاست اور سفارت کاری کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ’’ٹرمپ کا رویہ ایک آمر جیسا ہے۔ اس نے نہ صرف دنیا بلکہ امریکہ کے اپنے جمہوری نظام کو بھی نقصان پہنچایا۔ اب دنیا ایک بڑے بحران کی طرف بڑھ رہی ہے جس کا اثر ایشیا سمیت پوری دنیا پر ہوگا،‘‘ انہوں نے کہا۔
چین کے حوالے سے شمشاد احمد خان نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو صرف سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کا منصوبہ نہیں بلکہ اس کا مقصد دنیا کی قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور عالمی سطح پر رابطوں کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان اس منصوبے میں پل کا کردار ادا کر سکتا ہے، مگر اس کے لیے قیادت میں دوراندیشی اور سنجیدگی ہونا ضروری ہے۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک نریندر مودی برسراقتدار ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ تاہم، خطے میں امن اور ترقی کے لیے مستقبل قریب میں اس سوچ کو بدلنا ناگزیر ہوگا۔

مزید پڑھیں :کالا باغ ڈیم،تاریخی پیش رفت

متعلقہ خبریں