اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے۔ شام سے جاری بارش کے باعث اسلام آباد کے کئی علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی نے شہریوں کے لیے مشکلات بڑھا دیں۔
مارگلہ روڈ اور جی الیون سیکٹر میں شدید بارش کے بعد پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سید پور کے برساتی نالے میں طغیانی کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جب کہ میٹرو بس کا روٹ بھی بارش کے پانی میں ڈوب گیا جس سے مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارہ کہو اور اطراف کے علاقوں میں ندی نالوں نے طغیانی اختیار کر لی جس کے باعث رہائشی الرٹ ہو گئے۔ دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں بھی موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا تاہم سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد کو ٹریفک کی سست روی کا سامنا ہے۔
راولپنڈی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے شہریوں کو گرمی سے ضرور نجات دلائی لیکن سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے اور نکاسیِ آب کے مسائل نے مشکلات پیدا کر دیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :ثنا یوسف کی دوست ٹک ٹاکر تھانے پہنچ گئی،اہم ثبوت پولیس کے سپرد،مقدمہ درج