مظفرآباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نیلم، مظفرآباد، باغ، شردھا حویلی اور کوٹلی میں تیز اور طوفانی بارشوں کا امکان ہے، جس سے شہری اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ندی نالوں میں اچانک پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے جو خطرناک صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خاص طور پر نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے خاندان الرٹ رہیں۔
حکام کے مطابق تمام ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ امدادی ٹیموں کو متحرک رہنے اور رابطہ نظام کو فعال رکھنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
مزید پڑھیں :دریائے ستلج کے مزید 5 بند ٹوٹ گئے