اہم خبریں

شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت اجلاس،شہباز شریف عالمی سفارت کاری کے مرکز بن گئے

بیجنگ (اے بی این نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے 25ویں سربراہان مملکت اجلاس میں وزیرِاعظم شہباز شریف عالمی سفارت کاری کے مرکز بن گئے۔ اجلاس کے موقع پر انہوں نے دنیا کی کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جنہیں نہ صرف باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ ملاقاتیں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں کا عملی ثبوت بھی ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے غیر رسمی ملاقات کی، جسے عالمی میڈیا میں خاص توجہ ملی۔ اس کے علاوہ ان کی بیلا روس اور ملائیشیا کے صدور سے بھی خوشگوار ملاقاتیں ہوئیں۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ان کی گفتگو خطے کی بدلتی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

اسی طرح تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، ترکمانستان کے صدر، کرغزستان اور مالدیپ کے صدور نے بھی وزیرِاعظم سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں، جہاں دو طرفہ تعاون کے نئے مواقع پر بات ہوئی۔ وزیرِاعظم نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کی، جس میں عالمی مسائل خصوصاً خطے کی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیجنگ میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں ایک نمایاں بات یہ رہی کہ عالمی رہنماؤں نے شہباز شریف سے بڑی گرمجوشی اور مثبت انداز میں گفتگو کی۔ اس سے نہ صرف پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا گیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا گیا کہ خطے اور دنیا میں پاکستان کو ایک متحرک اور اہم پارٹنر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان نے ایک اور محاذ پر بھارت کو شکست دیدی،مودی کے دشمن کو گلے لگا لیا

متعلقہ خبریں