اہم خبریں

سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ جاری

راولپنڈی (اے بی این نیوز) راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ بکرا منڈی، کمال آباد، ڈھوک سیداں، ٹینچ بھاٹہ اور دیگر قریبی علاقوں میں کئی روز سے گیس نایاب ہے جس کے باعث گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں چولہے ٹھنڈے پڑ جانے سے خواتین کو کھانا پکانے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ شہری متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سوئی گیس حکام نہ صرف صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام ہیں بلکہ بارہا رابطے کے باوجود کوئی مؤقف دینے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔ گیس کی مسلسل بندش کے باعث دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز میں بھی مسائل بڑھ گئے ہیں۔

شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے گیس بحالی کے اقدامات کریں تاکہ روزمرہ زندگی کو معمول پر لایا جا سکے۔ سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے اس مسئلے کو ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سوئی گیس کی غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کرے۔

مزید پڑھیں :سکولوں کی تعطیلات میں اضافہ

متعلقہ خبریں